راولپنڈی (اے پی پی):چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو معاف نہیں کیا جائے گا ، تمام دہشت گردوں سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں پر انہیں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور داخلی سیکورٹی آپریشنز پر جامع آپریشنل بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں فیلڈمارشل کوفتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حالیہ حملوں اور سیکورٹی فورسز کے فوری و جارحانہ ردعمل سے آگاہ کیا گیا، جس نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔اس موقع پر ریاست کی رٹ کو مزید مستحکم کرنے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈمارشل نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو معاف نہیں کیا جائے گا اور ان تمام دہشتگردوں سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی شخص کسی بھی بہانے تشدد اور دہشت گردی کو جائز قرار نہیں دے سکتا۔ انہوں نے ملک دشمن عزائم کو ناکام بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، شجاعت اور قربانیوں کو سراہا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور وطنِ عزیز کو غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں سے بچانے کے لیے ان کی بہادری اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔
Comments 0