حکومتی وفد سے آل پارٹیز و گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد کی ملاقات،گرینڈ الائنس کی تمام اسیر قیادت کو فوری طور پر رہا کرنے کا فیصلہ

حکومتی وفد سے آل پارٹیز و گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد کی ملاقات،گرینڈ الائنس کی تمام اسیر قیادت کو فوری طور پر رہا کرنے کا فیصلہ
حکومتی وفد کے ساتھ آل پارٹیز اور گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد کی ملاقات میں گرینڈ الائنس کی اسیر قیادت کو فوری طور پر رہا کرنے اور موجودہ حالات کے پیش نظر احتجاج چی الحال ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔آل پارٹیز پر مشتمل وفد میں عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پاکستان تحریکِ انصاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ اور ملازمین گرینڈ الائنس شامل تھیں۔ وفد میں اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، پاکستان تحریکِ انصاف کے سلام آغا، ایچ ڈی پی کے رہنما عصمت یاری، اے این پی کے رہنما ثناءاللہ کاکڑ، نیشنل پارٹی کے امیر عنایت اللہ بوزدار، بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنما اسماعیل کاسی اور این ڈی ایم کے عنایت شاہ شامل تھے۔حکومتِ بلوچستان کی جانب سے مجاز کمیٹی کے اراکین صوبائی وزیرِ خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی، صوبائی وزیر علی مدد جتک، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید اقبال شاہ وزیراعلیٰ کے پرسنل سیکرٹری عمران زرکون اور سپیشل سیکریٹری فنانس عارف خان اچکزئی نے ملاقات میں شرکت کی۔ملاقات میں طے پایا کہ بلوچستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرینڈ الائنس کے تمام اسیر ملازمین کو رہا کیا جائے گا، جبکہ 12 فروری کو آل پارٹیز کی اعلیٰ قیادت اور گرینڈ الائنس کی حکومتی کمیٹی کے ساتھ اجلاس ہوگا، جس میں التوا شدہ تمام مسائل کے حل کے لیے ایک متفقہ طریقۂ کار طے کیا جائے گا۔ خیرسگالی کے طور پر ملازمین کے احتجاج کو فی الحال ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.