صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے پیر کے روز ٹراما سینٹر سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج کے مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر صحت نے ٹراما سینٹر میں موجود ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملے سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر مریض کو بروقت، معیاری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔بخت محمد کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، ضروری ادویات اور طبی آلات کی دستیابی میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے اور علاج کے تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے اور صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر صحت نے یقین دلایا کہ زخمیوں کے علاج میں کسی بھی سطح پر غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آخر میں صوبائی وزیر صحت نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے طبی عملے کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مشکل حالات میں طبی عملہ عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے۔
Comments 0