بلوچستان میں جو عناصر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں وہ سڑکوں پر بسیں روک کر مسافروں کو اتارتے ہیں، رانا ثنا اللہ

بلوچستان میں جو عناصر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں وہ سڑکوں پر بسیں روک کر مسافروں کو اتارتے ہیں، رانا ثنا اللہ
سینیٹ اجلاس میں سینیٹر رانا ثنا اللہ نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیاں چند گروہ مل کر کہیں بھی کر سکتے ہیں، حتیٰ کہ محفوظ علاقوں میں بھی ایسے گروہ لوگوں کو یرغمال بنا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو عناصر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں وہ سڑکوں پر بسیں روک کر مسافروں کو اتارتے ہیں، دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والوں کو ان کے اہلِ خانہ کے سامنے شہید کرتے ہیں اور پھر چھپ جاتے ہیں، یہی عناصر جعفر ایکسپریس میں بھی بے گناہ لوگوں کو مارتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی ناراضگی کا اظہار نہیں بلکہ پاکستان دشمنی ہے، یہ لوگ پاکستان کے دشمن ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے سوال اٹھایا کہ جب جعفر ایکسپریس میں مارے گئے دہشت گردوں کی میتیں کوئٹہ ہسپتال لائی گئیں تو کس نے جا کر انہیں تحویل میں لیا، کیا یہ لوگ اس سسٹم پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن عناصر کو ناراض کہا جاتا ہے وہ سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں اور مودی کے آپریشن سندور ٹو کے لیے ہر طرح کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ دشمن ملک کے کارندے ہیں جو سندور آپریشن ٹو کا بدلہ لینے کے لیے گمراہ لوگوں کے ذریعے کارروائیاں کر رہے ہیں، یہ پاکستان کو توڑنا چاہتے ہیں اور ان سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا شفاف الیکشن ان کا مطالبہ ہے، کیا وہ کبھی اس نظام کا حصہ بنے یا اس پر یقین رکھتے ہیں۔ سینیٹر رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ان دہشت گرد کارروائیوں میں 17 سیکیورٹی اہلکاروں اور 33 سویلین کو شہید کیا گیا، یہ عناصر صرف ریاست کی رِٹ کو چیلنج کرنے نکلے تھے، انہوں نے پولیس پر حملہ کیا، سویلین کو یرغمال بنایا اور کوئٹہ کے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی جو ناکام بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی مقام پر سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ نہیں کر سکے، 170 دہشت گرد ہلاک اور کچھ گرفتار ہوئے، جن سے تفتیش کے بعد معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ کس بات کے ناراض ہیں، جن لوگوں کو بسوں سے اتار کر مارا جاتا ہے کیا وہ ان سے ناراض تھے، اس قسم کا ابہام دہشت گردوں کو تقویت دیتا ہے، اس لیے انہیں ناراض نہیں بلکہ دہشت گرد ہی کہا جانا چاہیے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.