ایف بی آرکا ایف پی سی سی آئی کراچی میں ٹیکس نظام میں شفافیت، خود احتسابی اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد

ایف بی آرکا ایف پی سی سی آئی کراچی میں ٹیکس نظام میں شفافیت، خود احتسابی اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی ہدایات پر ممبر ٹیکس پیئرز سروسز ونگ تہمینہ عامر کی نگرانی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹیکس پیئرز سروسز ونگ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ایک ٹیکس آگاہی سیمینار منعقد کیا۔سیمینار کا مقصد صنعت کاروں اور تاجر برادری کو ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان اور اُن سٹریکچرل (Structural) اور تکنیکی اصلاحات سے روشناس کروانا تھا جو ٹیکس نیٹ میں وسعت, ادارہ جاتی شفافیت بڑھانے، محکمانہ احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے اور محصولات کی وصولی کے نظام کی کارکردگی اور ساکھ میں بہتری کے لیے نافذ کی جا رہی ہیں۔سیکریٹری، ٹیکس پیئرز سروسز ونگ عبد الحمید ابڑو نے سیکنڈ سیکریٹری طارق اسد کے ہمراہ ایف بی آر کے اصلاحاتی ایجنڈے پر جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے پوائنٹ آف سیل (Point of Sale Integration)، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم(Track and Trace System)، ڈیجیٹل انوائسنگ(Digital Invoicing)، فیس لیس کسٹمز سسٹم(Faceless Customs System)، کارگو ٹریکنگ سسٹم(Cargo Tracking System)، ڈائریکٹ پورٹ ڈیلیوری سسٹم(Direct Port Delivery System) ، ریوارڈ اینڈ ریٹنگ سسٹم(Reward and Rating System)، اور پیداوار کی نگرانی کے لیے ویڈیو اینالیٹکس (Video Analytics)کے نفاذ سمیت اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔سیکریٹری ایف بی آر نے شرکاء کو بتایا کہ ویڈیو اینالیٹکس کوشوگر اور سیمنٹ کے شعبوں میں کامیابی سے نافذ کیا جا چکا ہے۔ اس وقت اسے ٹیکسٹائل سیکٹر میں مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات انسانی صوابدید کو کم کرنے، رئیل ٹائم (Real Time) میں نگرانی کو یقینی بنانے اور آپریشنل پراسسز(Operational Processes) میں شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔ ا نہوں نے مزید بتایا کہ آٹومیشن، مصنوعی ذہانت اور فیس لیس سسٹمز کے نفاذ ،ٹیکس قوانین کے یکساں اطلاق، براہِ راست انسانی رابطے میں کمی اورایف بی آر کے اندر گورننس کے معیار میں بہتری کے باعث ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان اصلاحات کے نتیجہ میں ایف بی آر کے ایک شفاف، جوابدہ اور ٹیکس دہندگان کے دوست ادارے کے طور پر تاثر کو تقویت ملی ہے ۔سیمینار میں ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض، نائب صدر امان پراچہ، نائب صدر آصف سخی اور ٹیکس امور کے مشیر دانش سلیم نے شرکت کی۔ مختلف چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے زوم لنک کے ذریعے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے سیمینارمیں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور حصہ لیا۔سیمینار کے اختتام پر ایف بی آر کے افسران کی جانب سے سوونیئر پیش کیے گئے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری اور شفافیت و جوابدہی کے فروغ کے لیے ایف بی آر کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.