امن وامان کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات میں گفتگو

امن وامان کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن وامان کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کوششیں مزید بڑھائے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پیر کو یہاں ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم نے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم نے صوبے میں امن و امان کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت انسداد دہشت گردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی۔ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کیلئے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت با اختیار ہے، صحت و تعلیم کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے، خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبےکے عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی۔ وزیرِ اعظم نے قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وفاقی دائرہ کار کے مطابق تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.