وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فتنہ الہندوستان کی بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو شاباش

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فتنہ الہندوستان کی بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو شاباش
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کو بری طرح ناکام بنانے اور دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو شاباش دی ہے ۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر میں 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے منظم حملوں کو ناکام بنانے اور 37 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔وزیرِ اعظم نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز میں بھارتی پشت پناہی میں سرکردہ 88 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر ارض وطن کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے آپریشنز کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دس فرض شناس سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا سکیورٹی فورسز کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ارض وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں، دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.