واسا کوئٹہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس صوبائی وزیر و چیئرمین بورڈ سردار عبدالرحمن کھیتران کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ سمیت ادارے کی مجموعی کارکردگی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے Q-WASA کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ بورڈ نے واسا ملازمین کے لیے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری دی، جبکہ پنشن میں 7 فیصد اضافے کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری بھی دی گئی۔ افسران و اہلکاروں کی ترقیوں سے متعلق امور پر غور اور ادارے میں خالی آسامیوں کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔بورڈ نے میپل سولر سلوشنز کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ لیب کنسلٹنٹ اور لیب اٹینڈنٹ کے کنٹریکٹس میں توسیع اور ادارے کی ضروریات کے پیش نظر نئی گاڑیوں کی خریداری کی اجازت بھی دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ واسا کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے، پانی کے ضیاع کو روکنے اور شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین ہمارے ادارے کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود اور میرٹ پر ترقی ہماری ترجیح ہے۔ مالی نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل میں واضح کمی لائی جا سکے اجلاس میں سیکٹر یری پی ایچ ای ہاشم غلزئی ،ایم ڈی واسا مجیب الرحمن کاکڑ و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے.
Comments 0