صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمٰن کھیتران کی زیر صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا ایک اہم محکمانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری پی ایچ ای ہاشم غلزئی، چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری پی ایچ ای نے محکمانہ امور، جاری ترقیاتی منصوبوں، فزیکل اور فنانشل پراگریس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جبکہ محکمہ کی مجموعی کارکردگی، انتظامی معاملات، ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات اور ریونیو کلیکشن کی صورتحال کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر افسران کی حاضری، نظم و ضبط اور کارکردگی پر خصوصی غور کیا گیا۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مالی نظم و ضبط اور شفافیت کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے واٹر ٹیکس کلیکشن ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام پرانے اور نئے ٹیوب ویلز کی محکمانہ اونرشپ لی جائے گی جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تمام اضلاع میں سرپرائز وزٹس کیے جائیں گے تاکہ کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر نے سیکرٹری پی ایچ ای اور تمام افسران کو نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے تاہم آئندہ بھی اس پوزیشن کو برقرار رکھنا اصل چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ای سے متعلق منفی تاثر کو بہتر کارکردگی کے ذریعے ختم کیا گیا ہے اور محکمہ عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہا ہے۔سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے واضح کیا کہ ہم سب ایک ٹیم ہیں اور کسی ایک کی بدنامی ہم سب کی بدنامی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اسٹیشنز پر ہر وقت موجود رہیں، غیرحاضری کی صورت میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی صدقہ جاریہ ہے اور عوام تک صاف پانی کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔اجلاس کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
Comments 0