اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستانیوں کے لیے سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ، ایم ڈی او پی ایف، نادرا اور پاسپورٹ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد، قونصل جنرل بارسلونا محمد علی وزیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔
سپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے لیے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر کاغذات ایک ہفتے میں جاری کیے جائیں گے۔
تقریباً 15 ہزار پاکستانی اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں گے۔
سالک حسین نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد اجراء اولین ترجیح ہے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کسی مجرم یا مطلوب ملزم کو پاسپورٹ ہرگز جاری نہ کیا جائے۔
سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کے لیے اضافی عملہ فوری فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو سہل اور تیز کیا گیا۔
پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں۔
سپین میں پاکستانی سفیر اور قونصل جنرل نے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ تمام ادارے پاکستانیوں کو ضروری دستاویزات کی بروقت دستیابی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
Comments 0