بلوچستان ثقافتوں کا حسین امتزاج اور ایک گلدستہ ہے جہاں مختلف اقوام وتہذیبیں اپنی خوشبو بکھیر رہی ہیں،میرشعیب نوشیروانی

بلوچستان ثقافتوں کا حسین امتزاج اور ایک گلدستہ ہے جہاں مختلف اقوام وتہذیبیں اپنی خوشبو بکھیر رہی ہیں،میرشعیب نوشیروانی
صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان رنگوں، روایتوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور یہ صوبہ واقعی ایک گلدستے کی مانند ہے جس میں مختلف اقوام، زبانیں اور تہذیبیں اپنی خوشبو بکھیر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے ہمیں اپنی صدیوں پرانی روایات، مہمان نوازی، بہادری، رواداری اور بھائی چارے کی اقدار کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بلوچستان کی ثقافت میں سادگی، وقار اور غیرت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جو ہمارے اجتماعی تشخص کی پہچان ہے۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں بلوچ، پشتون، براہوی،پنجابی، ہزارہ اور دیگر اقوام مل جل کر رہتی ہیں، جو اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ ہمارا صوبہ حقیقی معنوں میں ایک گلدستہ ہے جہاں ہر پھول اپنی منفرد خوشبو اور رنگ کے ساتھ خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ نئی نسل اپنی روایات اور تاریخی اقدار سے جڑی رہے۔ ثقافتی میلوں، دستکاریوں، لوک موسیقی اور علاقائی لباس کی سرپرستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔صوبائی وزیر خزانہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ثقافت پر فخر کریں اور اسے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق دنیا کے سامنے مثبت انداز میں پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے نہ صرف ایک تہوار ہے بلکہ اپنی شناخت، اتحاد اور یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت ہی قوموں کی اصل پہچان ہوتی ہے، اور بلوچستان کی ثقافت ہماری مشترکہ میراث ہے جس کی حفاظت اور ترویج ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.