لورالائی میں غیر قانونی شکار کے خلاف تھانہ صدر پولیس اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کارروائی کے دوران پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے پانچ عدد کونج/پرندے برآمد کر لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے عائد شکار پر مکمل پابندی کی خلاف ورزی پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کونج کے غیر قانونی شکار میں ملوث تھے، جن کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے مزید سخت اقدامات جاری رکھے جائیں گے، جبکہ نگرانی کے عمل کو بھی مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر نے اس حوالے سے بتایا کہ سیکرٹری جنگلات و وائلڈ لائف عمران گچگی کی ہدایات پر صوبہ بھر میں شکار پر مکمل پابندی عائد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments 0