سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی محتسب برائے انسداد ہراسگی طاہرہ بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان کی خواتین کو اعتماد کے ساتھ صوبے کی ترقی میں کردارادا کرناہوگا، خواتین کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمدیقینی بنایاجارہاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو بی آر ایس پی کے زیراہتمام بی آر ایس پی آفس میں عالمی یوم خواتین سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان میڈم سائرہ عطا بلوچ تھیں۔ پروگرام کا مقصد خواتین کے عالمی دن کو اپنے اسٹاف اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا کے ساتھ منانا، دنیا بھر کی خواتین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور خواتین کو درپیش مسائل پر گفتگو کے ذریعے ان کے حل کی جانب توجہ دلانا تھاتقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا۔ پروگرام کی میزبانی بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی سینئر منیجر جینڈر میڈم سائمہ ہارون نے کی۔ انہوں نے معزز مہمانوں اور شرکا کو خوش آمدید کہا اور اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کا عالمی دن ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم نہ صرف خواتین کی کامیابیوں کو سراہیں بلکہ ان مسائل اور چیلنجز پر بھی بات کریں جن کا خواتین کو معاشرے میں سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ایس پی کی جانب سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں تاکہ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے اور خواتین کے حقوق اور بااختیاری کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کی اہمیت کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ایک آگاہی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں خواتین کے عالمی دن کی تاریخ، اس کی اہمیت اور مختلف کیس اسٹڈیز کے ذریعے خواتین کی جدوجہد اور کامیابیوں کو پیش کیا گیا۔تقریب میں سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ میڈم سائرہ عطا بلوچ، صوبائی محتسب برائے انسدادِ ہراسگی میڈم طاہرہ بلوچ، چیف ایگزیکٹو آفیسر بی آر ایس پی ڈاکٹر طاہر رشید، سینئر منیجر نعمت اللہ خان، ماہرِ نفسیات میڈم ہما عطا (وومن اینڈ جووینائل فیسلٹیشن سینٹر کوئٹہ)، منیجر وومن ہیلپ لائن اشفاق احمد، سینئر صحافی میر بہرام بلوچ، امتیاز احمد، میر بہرام لہڑی، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے نمائندے علی رضا اور بی آر ایس پی کے مختلف منصوبوں سے وابستہ خواتین و مرد اسٹاف نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وہ ادارے کے خواتین اسٹاف اور دیگر شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پی اپنے ادارے میں خواتین کی شمولیت کو اہمیت دیتا ہے اور ہر سطح پر خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ایس پی جنوبی بلوچستان کے اضلاع پنجگور، تربت اور گوادر سمیت دیگر علاقوں میں بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور خواتین کی معاشی بااختیاری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق جنوبی بلوچستان کے چھ اضلاع میں خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے 180 گرانٹس فراہم کی جائیں گی جن کی مالیت ایک لاکھ سے لے کر تین کروڑ روپے تک ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے میں ہراسگی کے خلاف واضح پالیسی اور کمیٹیاں موجود ہیں اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جاتا ہے۔سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میڈم سائرہ عطا بلوچ نے اپنے خطاب میں بی آر ایس پی کی جانب سے خواتین کی ترقی اور بااختیاری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کو اعتماد کے ساتھ آگے آنا ہوگا اور صوبے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔صوبائی محتسب برائے انسدادِ ہراسگی میڈم طاہرہ بلوچ نے کہا کہ ان کا ادارہ خواتین کو ہراسگی کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ اگر وہ کسی بھی قسم کی ہراسگی کا شکار ہوں تو بلا جھجھک ان کے ادارے سے رجوع کریں تاکہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔تقریب کے دیگر مقررین نے بھی خواتین کی شمولیت کو معاشرتی اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین پر مثر عملدرآمد اور عوامی آگاہی نہایت ضروری ہے۔پروگرام کے اختتام پر مہمانِ خصوصی میڈم سائرہ عطا بلوچ اور صوبائی محتسب میڈم طاہرہ بلوچ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ شرکا نے خواتین کے عالمی دن کے پیغام کو آگے بڑھانے اور خواتین کی بااختیاری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments 0