سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم رواں مالی سال کے دوران 41ارب ڈالرسے بڑھ سکتاہے،مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد

سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم رواں مالی سال کے دوران 41ارب ڈالرسے بڑھ سکتاہے،مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد
اسلام آباد۔(اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ جاری مالی سال کے دوران سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 41ارب ڈالرسے بڑھ سکتاہے۔بدھ کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ ایکس ‘‘ پراپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ترسیلات زرمیں اضافے کارحجان جاری ہے اورسمندرپارپاکستانیوں کی ملک کےلئے عزم وحمایت مضبوط ہے۔ انہوں نے کہاکہ فروری میں ترسیلات زرکاحجم 3.3ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال فروری کے 3.1ارب ڈالرکے مقابلے میں 5.2فیصدزیادہ ہے، مالی سال کے پہلے 8ماہ میں ترسیلات زرکاحجم 26.5ارب ڈالررہا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 23.9ارب ڈالرکے مقابلے میں 10.5فیصدزیادہ ہے، اس رحجان کے تناظرمیں جاری مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا مجموعی حجم 41 ارب ڈالرسے زیادہ ہوگا۔ مشیرخزانہ نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ملک پراعتمادکی مضبوط عکاسی اورملکی ترقی کےلئے غیرمتزلزل عزم کاسلسلہ جاری رکھاہواہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.