بلوچ کلچر ڈے ہماری شناخت، امن اور حب الوطنی کا عکاس ہے، غزالہ گولہ

بلوچ کلچر ڈے ہماری شناخت، امن اور حب الوطنی کا عکاس ہے، غزالہ گولہ
ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان غزالہ گولہ نے بلوچ کلچرل ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچ ثقافت پاکستان کی دلکش اور دلفریب تہذیبی خوبصورتی کی عکاس ہے جو نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے کے ذریعے ہمیں ملک میں امن، سلامتی اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا ہے تاکہ قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچ تہذیب و ثقافت میں حب الوطنی، رواداری اور مہمان نوازی کے خدوخال نمایاں ہیں جو قومی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔غزالہ گولہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے گلدستے میں بلوچ ثقافت سمیت ملک کی تمام ثقافتیں خوشبودار پھولوں کی مانند ہیں، جو مل کر قومی وحدت اور تنوع کی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہیں۔انہوں نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم بلوچوں اور پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن اپنی روایات، زبان، لباس اور ثقافتی ورثے پر فخر کرنے کا دن ہے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین ونگ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان ثقافتی اقدار کے فروغ اور نوجوان نسل کو اپنی شناخت سے جوڑے رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.