عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، عوامی شکایات کی شنوائی اور ازالے کے عمل کی خود نگرانی کروں گا، وزیر اعلی بلوچستان

عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، عوامی شکایات کی شنوائی اور ازالے کے عمل کی خود نگرانی کروں گا، وزیر اعلی بلوچستان
وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے 1100 تعلیمی اداروں میں فائبر آپٹیکل انٹرنیٹ کی فراہمی کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے اور اسے آئندہ چھ ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل تعلیم اور جدید تدریسی سہولیات کو فروغ ملے گا۔ مزید بتایا گیا کہ آئندہ مرحلے میں صوبے کے تمام تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو فائبر آپٹیکل نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ صوبے میں ڈیجیٹل گورننس اور جدید سہولیات کو فروغ دیا جاسکے اجلاس کو انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے تحت نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے ذریعے 60 ہزار نوجوانوں کو روزگار اور کاروباری سرگرمیوں سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم ہوں پیپلز ٹرین سروس منصوبے کے حوالے سے فنڈز کے اجرا میں تاخیر پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں اجلاس کو بتایا گیا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے تحصیل سطح سے لے کر صوبائی سطح تک مثر شکایت سیل قائم کیے جا رہے ہیں جہاں شہری اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور وہ خود بھی عوامی شکایات کے ازالے کے عمل کی نگرانی کریں گے۔گڈ گورننس کو فروغ دینے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے بھی مختلف اقدامات زیر غور آئے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کریں اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اجلاس میں نئے ڈویژن اور اضلاع سمیت دور دراز اور بنیادی ڈھانچے سے محروم علاقوں میں انتظامی افسران کے لیے پری فیبریکیٹڈ دفاتر اور رہائش کے انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ وہاں انتظامی امور کو مثر انداز میں چلایا جاسکے۔اجلاس کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ صوبے کی تمام یونین کونسلز میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آئے گی میونسپل سروسز کی بہتری کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کی 95 میونسپل کمیٹیوں کو جدید مشینری فراہم کرنے کا منصوبہ جاری ہے اور 30 جون تک یہ مشینری متعلقہ اداروں کو فراہم کر دی جائے گی جس سے صفائی اور دیگر بلدیاتی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے جاری منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ بلوچستان کے چار ہزار سنگل روم اسکولوں میں دو اضافی کمروں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے اور اس منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اسکول سے باہر ایک لاکھ بچوں کو دوبارہ تعلیمی اداروں میں داخل کیا گیا ہے جو کہ تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اجلاس کو صوبے میں پوست کی غیر قانونی فصلوں کے خاتمے کے حوالے سے جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ غیر قانونی فصلوں کو تلف کرنے کے لیے کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ اہداف کے مطابق 30 جون تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو محکمے مقررہ مدت میں اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہیں گے ان کے غیر استعمال شدہ فنڈز واپس لے کر ایسے محکموں کو منتقل کیے جائیں گے جو ترقیاتی منصوبوں پر تیزی اور مثر انداز میں کام کر رہے ہیں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور شفافیت کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد میسر آسکیں انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود، بہتر گورننس اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور حکومت بلوچستان صوبے کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.