رحیم یار خان (بی بی سی )پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں ایک عمارت کی چھت گرنے سے ہلاک ہونے والی خواتین کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق رحیم یار خان کے چک 125 پی میں یہ واقعہ پیر کو اُس وقت پیش آیا جب کئی خواتین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقوم لینے کے لیے ایک دکان میں موجود تھیں۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122، ایدھی اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق اس واقعے میں 70 سے زائد خواتین زخمی بھی ہوئی ہیں جن میں سے 57 کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت قسط وصول کرنے کے لیے 200 سے زائد خواتین چھت پر موجود تھیں جو کمزور ہونے کی وجہ سے گر گئی۔
زخمی خواتین کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
Comments 0