قطر نے پاکستان سے چاول اور دیگر غذائی مصنوعات کی درآمد بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،وفاقی وزیر تجارت جام کمال

قطر نے پاکستان سے چاول اور دیگر غذائی مصنوعات کی درآمد بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،وفاقی وزیر تجارت جام کمال
اسلام آباد(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ قطر نے پاکستان سے چاول اور دیگر غذائی مصنوعات کی درآمد بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،پاکستانی برآمد کنندگان کو قطری مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید کے ساتھ ورچوئل ملاقات میں کیا۔پاکستان اور قطر نے اقتصادی تعاون اور فوڈ سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے وزراء نے کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان براہِ راست رابطوں کے ذریعے برآمدات اور تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اس کے علاوہ کراچی پورٹ توسیعی منصوبے سمیت مختلف اقتصادی منصوبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی ۔جام کمال خان نے علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے حامی ہیں،پاکستان نے علاقائی امن اور کشیدگی میں کمی کے لیے تمام سفارتی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں ،پاکستان مشکل حالات میں قطر کو غذائی سپلائی چین مضبوط بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر نے مشترکہ ٹاسک فورس کو فعال بنانے اور اقتصادی تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.