جامعہ بلوچستان کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کے زیرِ اہتمام پہلے انکیوبیشن کوہورٹ کے 13 اسٹارٹ اپس کے لیے ایم وی پی چیکس کی تقسیم کی تقریب بزنس انکیوبیشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر جامعہ بلوچستان، پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی تھے، جنہوں نے ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس میں ایم وی پی ڈویلپمنٹ چیکس تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں اور ہنر مندی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کا کردار صرف تعلیمی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ طلبہ میں کاروباری سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔وائس چانسلر نیکہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے کاروباری مواقع پیدا کریں تاکہ وہ نہ صرف خود کفیل بن سکیں بلکہ معاشرے اور ملک کی معاشی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ وائس چانسلر نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے اسٹارٹ اپس اور نئی منصوبوں کے لیے محنت، لگن اور عزم کے ساتھ کام کریں اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔وائس چانسلر نے بزنس انکیوبیشن سینٹر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو اپنے کاروباری خیالات کو عملی شکل دینے اور انہیں کامیاب کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے مثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ جامعہ بلوچستان کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر فرقان الحق صدیقی نے انکیوبیشن پروگرام اور پہلے کوہورٹ کے اسٹارٹ اپس کی پیش رفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ اسٹارٹ اپس تربیت، مینٹورشپ اور بزنس ڈیولپمنٹ سپورٹ کے مختلف مراحل سے گزر چکے ہیں۔یہ ایم وی پی سپورٹ اسٹارٹ اپس کو اپنی مصنوعات اور خدمات کو مزید بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی، جس سے وہ مستقبل میں کامیاب کاروبار قائم کر کے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل ہوں گے۔تقریب میں ڈاکٹر کنیز فاطمہ ڈائریکٹر، آئی ایم ایس، محمد صادق ڈائریکٹر، ڈی۔پی۔آر، جامعہ کے طلبہ اور اسٹارٹ اپس نے شرکت کی۔
Comments 0