وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد۔ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک 2.0کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چین کے ساتھ قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے "ٹو سیشنز” کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی ۔ وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی پرتپاک مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔ چین کی مستحکم اقتصادی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک 2.0کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی سفیر جیانگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے چین کے تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون کا اعادہ کیا۔ طرفین نے جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح کے رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر زور دیا، اور پائیدار پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.