وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیرِ صدارت جامعہ بلوچستان میں نئے تعلیمی سال 2026 کے تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے پیر کو ایک اہم اجلاس وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جامعہ کے تدریسی و انتظامی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر بائیومیٹرک حاضری نظام کے نفاذ اور اس کی موثر عملداری کے حوالے سے بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا گیاکہ حکومت بلوچستان کی جاری کردہ پالیسی کے مطابق بائیومیٹرک سسٹم کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن گل محمد کاکڑ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر شریف محمد حسنی، ٹریژرار خوشحال خان اور فیکلٹی کے ڈین و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وائس چانسلر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان میں تعلیمی معیار کی بہتری، نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی اصلاحات ناگزیر ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اجلاس کے اختتام پر تعلیمی سال 2026 کی تیاریوں کو بروقت مکمل کرنے اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
Comments 0