*کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن۔۔۔خصوصی انسپیکشن مہم کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 25 ہوٹل و فوڈ پوائنٹس جرمانہ*!
(کوئٹہ/6 جنوری، 2026)
خبرنامہ ۔
عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور پیزا کارنرز کے خلاف خصوصی انسپیکشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کے تحت کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سمنگلی، مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ، سریاب روڈ، علمدار روڈ، توغی روڈ، میکانگی روڈ، خدائیداد روڈ اور اسپنی روڈ میں کھانے پینے کے مراکز کی جامع جانچ پڑتال کی گئی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق انسپیکشن مہم کے دوران مجموعی طور پر 48 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 25 کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران 16 ہوٹلوں، 4 فاسٹ فوڈ کارنرز اور 5 پیزا پوائنٹس پر جرمانے عائد کیے گئے۔انسپیکشن کے دوران متعدد مراکز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، پکوان میں چائنیز نمک غیر معیاری اور مضرِ صحت اجزاء کے استعمال ورکرز کی ذاتی صفائی کی خراب حالت سمیت سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی جس پر متعلقہ مراکز کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ کارروائی کے دوران چائنیز نمک کی بھاری مقدار ضبط جبکہ ناقص و مضرِ صحت کوکنگ آئل کی بڑی مقدار موقع پر ہی تلف کر دی گئی۔علاوہ ازیں معمولی نقائص پر 9 دیگر فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔خصوصی مہم سے متعلق ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کی تیاری و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز صفائی ستھرائی، معیاری اجزاء کے استعمال اور فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر جرمانوں کے ساتھ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے واضح کیا کہ شہر کے تمام علاقوں میں انسپیکشن مہم کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا اور عوام کو محفوظ، صاف اور معیاری خوراک کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
Comments 0