کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت شیعہ علماء کانفرنس اور شیعہ انجمن کے نمائندگان کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں 9 اور 11 مارچ کو یومِ علی کے موقع پر منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مہراللہ بادینی، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد آصف سمیت شیعہ علماء کانفرنس اور شیعہ انجمن کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران یومِ علی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مجالس، جلوسوں کے اوقات، مقررہ روٹس، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی پلان اور دیگر متعلقہ انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ یومِ علی کے اجتماعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے علماء اور انجمن کے عہدیداران سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ممکنہ طور پر تمام جلوس ایک ہی دن نکالنے کی کوشش کریں تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی مشاورت اور تعاون کے ذریعے یومِ علی کے موقع پر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے سلسلے میں تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔
Comments 0