لاہور۔(اے پی پی):پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر نسیم شاہ کو دو کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ۔ جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی کی جانب سے 27 مارچ کو نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، جس میں مختلف شقوں کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا گیا۔ نسیم شاہ کی جانب سے جواب موصول ہونے کے بعد تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے 30 مارچ کو ذاتی سماعت کی۔
کمیٹی نے نسیم شاہ کی جانب سے غیر مشروط معافی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ دیا کہ نسیم شاہ نے سنٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی برطرف کر دیا ہے جبکہ پی سی بی نے مذکورہ ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کر دیا ہے اور وہ اب کسی بھی ایسے کھلاڑی کے ساتھ کام نہیں کر سکے گا جو پی سی بی کے دائرہ اختیار میں آتا ہو۔پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہداتی ذمہ داریوں اور کھیل کے وقار کو ہر صورت برقرار رکھے گا۔
Comments 0