کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کارروائیاں، 23 افراد گرفتار، 8 دکانیں سیل، غیر قانونی گیس کمپریسرز اور ممنوعہ پلاسٹک تھیلے ضبط
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قصابوں، دودھ فروشوں، جنرل اسٹورز، غیر قانونی گیس کمپریسرز، ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 110 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، 23 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 15 افراد کو ایک ماہ کے لیے جیل منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ 8 دکانیں سیل، 30 غیر قانونی گیس کمپریسرز اور 50 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک تھیلے ضبط کیے گئے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی، ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں کے استعمال، غیر قانونی گیس کمپریسرز کی تنصیب اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد نے جتک اسٹاپ، چالو باوڑی اور مشرقی بائی پاس کے علاقوں میں قصابوں اور جنرل اسٹورز کے خلاف کارروائیاں کیں۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر کچلاک احسام الدین کاکڑ نے کچلاک بازار میں بیف، مٹن کی دکانوں اور جنرل اسٹورز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔سب ڈویژن صدر میں اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار نے پرائس کنٹرول اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کیں، جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر عمران زیب نے نیو سبزل روڈ پر تجاوزات اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارروائیاں انجام دیں۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قصابوں، تندوروں، دودھ فروشوں اور ممنوعہ پلاسٹک تھیلے فروخت یا استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Comments 0