اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):سیف سٹی اسلام آباد نےسال 2026 کے پہلے دو ہفتوں کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ڈی جی سیف سٹی اسلام آباد محمد ہارون جوئیہ نے بتایا کہ اس عرصے میں 6 ہزار 800 سے زائد مختلف نوعیت کے سرویلنس آپریشنز کئے گئے جن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ڈی جی سیف سٹی کے مطابق ہنچ لیب اور گولڈن آور سسٹم کے تحت 54 اہم کیسز میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا گیا جن میں ملزمان کے روٹس اور شناخت کی تفصیلات بروقت تفتیشی افسران کو فراہم کی گئیں جس سے کیسز کی تفتیش میں نمایاں مدد ملی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی کی تکنیکی نگرانی ٹیم نے ڈیجیٹل شناخت کی بنیاد پر 129 عدالتی مفروران اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈیجیٹل کنٹرول روم کے ذریعے پولیس خدمت مراکز سے منسلک ہو کر سال 2026 کے آغاز میں 6 ہزار 670 سے زائد شہریوں کی رہنمائی کی گئی۔کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت تقریباً 3 ہزار شکایات درج کی گئیں جن کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنایا گیا۔ آن لائن ویمن پولیس سٹیشن ہیلپ لائن 1815 پر رواں سال کے ابتدائی دنوں میں 200 کالز موصول ہوئیں جن پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ ’’پکار‘‘ 15 ہیلپ لائن پر 38 ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں اور شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی گئی۔
ڈی جی سیف سٹی کے مطابق انفو ایپ کے ذریعے شہریوں نے 318 مختلف نوعیت کی معلومات پولیس کو فراہم کیں جو امن و امان کے قیام میں معاون ثابت ہوئیں۔ محمد ہارون جوئیہ نے کہا کہ سیف سٹی اسلام آباد جدید تکنیک کے ذریعے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے اور ایک محفوظ، پرامن اور منظم ماحول کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔
Comments 0