بلوچستان میں 2025 کے دوران ٹریفک حادثات میں اضافہ، 400 سے زائد اموات ہوئیں، رپورٹ
سال 2025ء کے دوران بلوچستان کی قومی و بین الصوبائی شاہراہوں پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات سے متعلق میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز 1122 کی جانب سے سالانہ رپورٹ جاری کردہ گئی ۔یکم جنوری سے ماہ دسمبر 2025 تک مجموعی طور پر 24ہزار سے زائد ٹریفک حادثات پر ریسکیو ٹیموں نے ریسپانس دیاہے ۔رپورٹ کے مطابق ان حادثات میں تقریبا 30 ہزار افراد زخمی ہوئے جبکہ 415سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز 1122 کی جانب سے حادثات کے بعد ہزاروں متاثرہ افراد کو مختلف مراکز پر طبی امداد فراہم کی گئی۔مرک 1122کے اعداد و شمار کے مطابق N-25 قومی شاہراہ (کوئٹہ کراچی روڈ)سب سے زیادہ حادثات کی حامل رہی جہاں مستونگ، خضدار، لسبیلہ، پشین اور کوئٹہ کے علاقوں میں بڑی تعداد میں حادثات رپورٹ ہوئے۔ اسی شاہراہ پر زخمیوں اور اموات کی شرح بھی سب سے زیادہ رہی۔دی باغوان کے مطابق اسی طرح N-50 شاہراہ (کوئٹہ ژوب)پر بھی حادثات میں اضافہ دیکھا گیا، خصوصا ژوب، قلعہ سیف اللہ اور پشین کے علاقوں میں۔ مرک 1122 کے رپورٹ کے مطابق N-65، N-85 اور N-70 شاہراہوں پر بھی متعدد حادثات رپورٹ ہوئے جبکہ M-8 اور N-10 ساحلی شاہراہ پر حادثات کی شرح نسبتا کم رہی، تاہم زخمی ہونے والوں کی تعداد قابلِ ذکر رہی۔ریسکیو حکام کے مطابق زیادہ تر حادثات تیز رفتاری، اوورلوڈنگ، خراب سڑکوں اور ڈرائیوروں کی غفلت کے باعث پیش آئے۔ حکام نے N-25 اور N-50 شاہراہوں کو ہائی رسک قرار دیتے ہوئے ان پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور حفاظتی اقدامات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔واضح رہے کہ سال 2024ء کے دوران بلوچستان میں 23ہزار257حادثات رونما ہوئے تھے جن میں 31ہزار854افراد زخمی جبکہ 416افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے ،میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر1122کی جانب سے 6ہزار267او پی ڈیز منعقد کی گئیں۔
Comments 0