بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای)کوئٹہ نے ایچ ایس ایس سی 2024 کے امتحانات کے نتائج میں مبینہ طور پر نمبرز میں ردوبدل اور اضافہ کیے جانے کے معاملے پر 34 طلبہ کے نتائج کی تصدیق اور جانچ پڑتال کے لیے ایک اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای )کوئٹہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام معزز بلوچستان ہائی کورٹ کی ہدایات، کیس نمبر C.P No: 533/2025 کی کارروائی کے دوران، اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی جانب سے زیرِ تفتیش مقدمہ ایف آئی آر نمبر 12/Q/2025 کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت قائم کی گئی کمیٹی کے چیئرمین سیکرٹری بورڈ ضیا الرحمن ہوں گے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری سیکریسی محمد شفیع اور ڈپٹی سیکرٹری ایگزیمینیشن برانچ محمد ہارون بطور ممبران کمیٹی میں شامل ہوں گے۔کمیٹی کے ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی کی جانب سے34 طلبہ کو نوٹس جاری کیے جائیں گے، جنہیں کمیٹی کے سامنے ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنے اصل تعلیمی اسناد اور ان کی دو مصدقہ نقول جمع کرانا ہوں گی۔ سماعت کے بعد کمیٹی اپنی تفصیلی رپورٹ، نتائج اور سفارشات چیئرمین بی بی آئی ایس ای کو پیش کرے گی، جسے بورڈ یا ایگزیکٹو باڈی کے سامنے مزید قانونی اور انتظامی کارروائی کے لیے رکھا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام کارروائی بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ 2019 کے سیکشن 11(2)(g) کے تحت تفویض اختیارات کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
Comments 0