اسلام آباد۔ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی افریقہ کی قیادت کو قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی افریقہ کے صدر ماتامیلا سیرل رامافوسا اور جنوبی افریقہ کے عوام کو ان کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو کہ مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد، اور امن، ترقی و کثیر الجہتی تعاون کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔
صدرآصف علی زرداری نے جنوبی افریقہ میں نسل پرست (اپارتھائیڈ) حکومت کے دور میں پاکستان کے اصولی مؤقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1948 میں ہی پاکستان نے جنوبی افریقہ کی نسل پرست حکومت کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ لوگوں کو اب بھی پاکستانی پاسپورٹ پر لگی وہ مہر یاد ہے جس پر لکھا ہوتا تھا کہ یہ پاسپورٹ جنوبی افریقہ (نسل پرست) اور اسرائیل کے لیے کارآمد نہیں ہے، اور یہ 1994 میں جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خاتمے تک جاری رہا۔صدر آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات آنے والے سالوں میں مزید مستحکم ہوں گے، جو کہ دونوں قوموں کے عوام کے لیے مزید خوشحالی اور فلاح و بہبود کا سبب بنیں گے۔
Comments 0