ملک میں پٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں،مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے،وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ ، انرجی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں، شہباز شریف

ملک میں پٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں،مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے،وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ ، انرجی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں، شہباز شریف
اسلام آباد۔ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انرجی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے آئندہ سرکاری استعمال کیلئے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدنے، شمسی توانائی سے پیدا کردہ اضافی بجلی کی سٹوریج کے لیے بیٹریوں کا حصول آسان بنانے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے اور مقامی طور پر اعلی معیار کی اسٹوریج بیٹریاں تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت انرجی سکیورٹی کے حوالے سے جمعرات کو یہاں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرامصدق مسعود ملک ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سردار اویس لغاری، عطاللہ تارڑ، علی پرویز ملک، احسن اقبال، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انرجی سکیورٹی اب ملک کی مستقبل کی مجموعی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے، موجودہ علاقائی صورتحال میں توانائی کی بچت اور اس حوالے سے بروقت اٹھائے گئے اقدامات سے توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے پیش نظر ملک میں خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر رکھنے کے حوالے سے منصوبے پر کام جاری ہے۔ وزیر اعظم نے توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے ذرائع آمد و رفت کو بتدریج ماحول دوست برقی ذرائع پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں سرکاری استعمال کیلئے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں، الیکٹرک وہیکلز کے لئے چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے لئے مزید تیزی سے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے شمسی توانائی سے پیدا کردہ اضافی بجلی کی سٹوریج کے لیے بیٹریوں کا حصول آسان بنانے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے اور مقامی طور پر اعلی معیار کی سٹوریج بیٹریاں تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں توانائی کے شعبے کے حوالے سے تشکیل دی گئی نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل صورتحال کا روزانہ کی بنیادوں پر جائزہ لے رہی ہے، ملک میں اس وقت پٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں، ملک میں غذائی سکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے، تیل اور گیس کمپنیوں کی مسلسل کوششوں سے گیس اور تیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بریفننگ کے مطابق گرڈ کی سطح پر بیٹری سٹوریج کیلئے 2 تجرباتی منصوبوں کا پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے اور شمسی توانائی پیدا کرنے والے گھریلو صارفین کو بیٹری اسٹوریج لگانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.