چین کےتعاون سے خلائی تحقیق کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

چین کےتعاون سے خلائی تحقیق کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف
اسلام آباد۔ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے خلائی مشن کو پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کیلئے قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کےتعاون سے خلائی تحقیق کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا بازوں خرم دائود اور محمد ذیشان علی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ اور سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے خلابازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان خلا بازوں اور خلاباز اتاشی سے مل کر دلی مسرت ہوئی ہے ، آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل اور مجھ سمیت پوری قوم کیلئے قابل فخر امر ہے، پر اعتماد ہوں کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں، شبانہ روز محنت کی بدولت آپ نے یہ مقام حاصل کیا جو قابل ستائش ہے، چینی تعاون سے خلائی تحقیق کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔ وزیر اعظم نے چین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کے تعاون سے دونوں ممالک کی دوستی آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ستاروں پر کمند ڈالنے کیلئے تیار ہے۔ چین کے سفیر نے وزیر اعظم کی گفتگو کا خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے خلائی تحقیق میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔ خلابازوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے خلاء میں تحقیق کے فرائض سر انجام دینا باعث عزت، منفرد اعزاز اور باعث افتخار ہے، محنت اور لگن سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.