ڈی جی ایگریکلچر ریسرچ کا لورالائی دورہ، جرم پلازم یونٹ کے قیام سے زیتون کی تصدیق شدہ افزائش کو فروغ، 2 ٹیوب ویلوں کی فراہمی کی یقین دہانی

ڈی جی ایگریکلچر ریسرچ کا لورالائی دورہ، جرم پلازم یونٹ کے قیام سے زیتون کی تصدیق شدہ افزائش کو فروغ، 2 ٹیوب ویلوں کی فراہمی کی یقین دہانی
ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ بلوچستان ڈاکٹر محمد قاسم کاکڑ نے منگل کے روز ضلع لورالائی کا تفصیلی دورہ کیا اور ایگریکلچر ریسرچ ڈائریکٹوریٹ، ریسرچ کٹوی فارم اور ایڈاپٹیو ریسرچ فارم کا معائنہ کیا، جہاں انہیں جاری زرعی تحقیق، زیتون کی افزائش اور مختلف فیلڈ ٹرائلز کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔دورے کے موقع پر اولیو کمرشل پروجیکٹ کے انچارج وارث بلوچ، زیتون آفیسر معراج خان دومڑ، زرعی ماہرین ڈاکٹر نعمان اور عربی اعوان کے علاوہ فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی موجود تھے، جبکہ ایڈاپٹیو ریسرچ کے انچارج محمد نواز نے تحقیقاتی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ڈی جی ایگریکلچر ریسرچ نے ریسرچ فارم میں جاری تجربات، پودوں کی افزائش، جدید زرعی طریقوں اور زیتون کے مختلف اقسام پر ہونے والے ٹرائلز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے، مقامی موسمی حالات کے مطابق بیج اور پودوں کی تیاری اور کاشتکاروں تک جدید معلومات کی مثر منتقلی پر زور دیا۔بعد ازاں مقامی زمینداروں کے ساتھ ایک نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کو درپیش زرعی مسائل، پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور پیداوار میں اضافے کیلئے جدید تحقیق کی اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ زمینداروں نے ریسرچ اداروں سے عملی تعاون بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔دورے کے اگلے مرحلے میں ڈاکٹر محمد قاسم کاکڑ نے ڈپٹی کمشنر لورالائی سے ملاقات کی، جس میں محکمہ زراعت ریسرچ کی جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کٹوی ریسرچ فارم میں جرم پلازم یونٹ (GPU) کے قیام کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق اس یونٹ کے قیام سے زیتون کی مختلف اقسام کی ڈی این اے کے ذریعے تصدیق ممکن ہو سکے گی، جس سے غیر معیاری پودوں کی روک تھام اور کاشتکاروں کو تصدیق شدہ، اعلی معیار کے پودے فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں ضلع لورالائی کو درپیش خشک سالی اور پانی کی شدید قلت کے تناظر میں ریسرچ کٹوی فارم کیلئے 2 ٹیوب ویلوں کی فراہمی کی درخواست پیش کی گئی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے بی ایس ڈی آئی اسکیم کے تحت مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے دو ٹیوب ویل فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی تحقیقاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے منصوبے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافے کا باعث بنیں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی مستحکم کریں گے۔آخر میں ڈی جی ایگریکلچر ریسرچ ڈاکٹر محمد قاسم کاکڑ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعاون اور زراعت کے شعبے میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بلوچستان کے زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.