نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ ،محفوظ انسانی صحت اور صاف ماحول فضا کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرناچاہیے،وزیر صحت بلوچستان

نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ ،محفوظ انسانی صحت اور صاف ماحول فضا کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرناچاہیے،وزیر صحت بلوچستان
صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے بدھ کے روز حلقہ پی بی39کے علاقے نواںکلی میں جاری شجرکاری مہم کے دوران درخت لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔انہوں نے مختلف مقامات پر شجرکاری مہم کی جاری سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر طلبا، مقامی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے اور علاقے کو سرسبز بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے بلکہ یہ انسانی صحت، صاف فضا اور موسمیاتی توازن برقرار رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے فضائی آلودگی میں کمی، درجہ حرارت میں توازن، بارشوں کے نظام میں بہتری اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی ممکن ہوتی ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند ماحول کی ضمانت ہے۔بخت محمد کاکڑ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں فعال کردار ادا کریں اور اپنے علاقوں کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ مہم کو مزید تیز کیا جائے اور مقررہ اہداف جلد مکمل کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبے کو سبزہ زار میں تبدیل کیا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان ماحولیاتی بہتری، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور عوامی فلاح کے لیے ایسے اقدامات کا تسلسل جاری رکھے گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.