کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صرف ایک منظم، نظریاتی اور عوامی بنیادوں پر قائم سیاسی جماعت ہی اپنی قوم اور عوام کی ملی نجات کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ کے زیرِ اہتمام علاقہ خوصنوب اور تحصیل پتاو دولت زئی میں کانفرنسوںسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ منشور، نظریات اور پروگرام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے دن رات محنت کریں، عوام سے قریبی رابطہ قائم رکھیں اور ان کے مسائل کو اجاگر کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بطور عوامی نمائندہ ژوب، شیرانی اور قلعہ سیف اللہ کے عوام کے مسائل کو پارلیمنٹ میں بھرپور اور مؤثر انداز میں اٹھاتے رہیں گے۔ کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور عوام کو درپیش مسائل، خصوصاً مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم و صحت کی ناکافی سہولیات اور بنیادی حقوق کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین میں مرکزی و ضلعی سیکرٹری اللہ نور خان کاکڑ، صوبائی سیکرٹری مالیات سید اکبر خان کاکڑ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری نظام خان کاکڑ، مولوی حقداد، یاسر کلیوال، مولوی شاہ خالد اور غفور لالک شامل تھے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی عوام کے بنیادی حقوق کے حصول، ناانصافیوں کے خاتمے اور سیاسی شعور کی بیداری کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔۔ کانفرنس کے دوران خوصنوب کے علاقائی یونٹ کے لیے نئی کابینہ متفقہ طور پر منتخب کی گئی، جس میں سرور کامریڈ کو سیکرٹری، غفور لالک کو سینئر معاون جبکہ آصف خان جوگیزی، سرفراز خان جوگیزی، حاجی عطا محمد، صدیق باچا، جمال الدین، عبیداللہ مٹاخیل اور عبداللہ ہیوت مل کو معاونین منتخب کیا گیا۔ نومنتخب کابینہ سے خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 131 افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ دوسری اہم کانفرنس تحصیل پتاو دولت زئی میں منعقد ہوئی، جہاں بھی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر 31 افراد نے دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جن میں 27 افراد کا تعلق جمعیت (ف) جبکہ 4 افراد اصلاحی کمیٹی سے وابستہ تھے۔ شرکاء نے اس شمولیت کو پارٹی کی عوامی مقبولیت اور نظریاتی قوت کا مظہر قرار دیا۔کانفرنس سے اللہ نور خان کاکڑ، نصیب وطنپال، شمس رودوال، مولوی شاہ خالد، ظہور خان، عزیز ارین اور ماسٹر طاہر دولت زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک نظریاتی، اصولی اور عوام دوست جماعت ہے، جو ہر قسم کے جبر، ناانصافی، استحصال اور غیر جمہوری رویوں کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی حقوق کے حصول کے لیے منظم سیاسی جدوجہد ہی واحد راستہ ہے۔ پتاو دولت زئی کے لیے نئی کابینہ کا بھی اعلان کیا گیا، جس کے مطابق دوست محمد کو سیکرٹری، کمال الدین کو سینئر معاون، محمد خان کو سیکرٹری مالیات، محمد شاہ کو سیکرٹری اطلاعات جبکہ خیر شاہ، کشمیر خان، سمیع اللہ، امین اللہ اور عبدالغفور کو معاونین منتخب کیا گیا۔
Comments 0