سوئی سدرن گیس کمپنی کی نااہلی ،کوئٹہ میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا، عام دنوں میں بھی گیس غائب

سوئی سدرن گیس کمپنی کی نااہلی ،کوئٹہ میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا، عام دنوں میں بھی گیس غائب
کوئٹہ کے شہریوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی غیر اعلانیہ اور وقفے وقفے سے فراہمی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کی نااہلی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔شہریوں کے مطابق پہلے ہی دن میں بمشکل ایک گھنٹہ گیس فراہم کی جاتی تھی، تاہم اب نئے شیڈول کے تحت صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے اور گیس کی دستیابی انتہائی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سردیوں کا موسم گزر جانے کے باوجود گیس کمپنی کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آئی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ مسئلہ صرف موسم کا نہیں بلکہ انتظامی نااہلی کا ہے۔ گھریلو صارفین، خصوصاً خواتین، شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ ہوٹلوں اور چھوٹے کاروباروں کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔شہریوں نے کہا کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث انہیں مہنگے متبادل ذرائع استعمال کرنے پڑ رہے ہیں، جس سے مہنگائی کے بوجھ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.