پی آئی اے کی 135 ارب روپے میں نجکاری ملکی معیشت پر بڑھتے اعتماد کا ثبوت ہے، خواجہ آصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی 135 ارب روپے میں نجکاری ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ حکومت سرکاری تحویل میں موجود کاروباری اداروں کی نجکاری کے ذریعے نہ صرف ہزاروں کھرب روپے کے نقصانات سے نجات حاصل کرے گی بلکہ معیشت کی بحالی کا عمل بھی تیز ہوگا۔ خواجہ آصف نے نجکاری کمیشن کو کامیاب ٹرانزیکشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ ڈیل آنے والے وقت میں مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی انتھک محنت کے باعث یورپ اور برطانیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کا خاتمہ ممکن ہوا، جو اس کامیاب ٹرانزیکشن کی بڑی وجہ بنا۔ وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی آئی اے کے لیے 10 ارب روپے کی بولی لگنا اور آج اس کی قیمت 135 ارب روپے تک پہنچنا ہماری سول ایوی ایشن ریگولیٹر پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
Comments 0