بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور بلوچستان بار کونسل کے ممبر میر عطا اللہ لانگو ایڈووکیٹ نے ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ جنگ کو رکوانے میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ذمہ دارانہ اور مدبرانہ سفارتکاری نے نہ صرف ایک ممکنہ تباہ کن جنگ کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ سینکڑوں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بھی کامیابی حاصل کی۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے نہایت خوش آئند ہے، اور اس میں پاکستان کی قیادت کی کاوشیں لائقِ ستائش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے عالمی سطح پر امن کے فروغ کیلئے موثر سفارتی رابطے قائم کیے جبکہ جنرل سید عاصم منیر نے سیکیورٹی اور اسٹریٹجک سطح پر اہم اقدامات کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں نہ صرف جنگ کا خطرہ ٹلا بلکہ خطے میں اعتماد کی فضا بھی بحال ہوئی۔میر عطا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف سیاسی استحکام میں اضافہ ہوگا بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے اور خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے سائے ختم ہونے سے توانائی، تجارت اور علاقائی روابط کے منصوبوں کو بھی تقویت ملے گی جو پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی اور علاقائی سطح پر امن کے قیام کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور دنیا کو درپیش تنازعات کے حل میں پل کا کردار نبھاتا رہے گا۔
Comments 0