پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک ضروری پیش رفت قرار دیا ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل سفارتی کوششوں کے ذریعے ایک تعمیری اور فعال کردار ادا کیا ہے اور عالمی فورمز پر تحمل، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی مستقل وکالت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت 10 اپریل کو ہونے والے "اسلام آباد ٹاکس" کے جذبے کی عکاس ہے، جو پاکستان کی قیادت میں ایک اہم سفارتی اقدام ہے جس کا مقصد فوری کشیدگی میں کمی اور ایران و امریکہ کے درمیان جامع مفاہمتی فریم ورک کی راہ ہموار کرنا ہے۔جمال رئیسانی نے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورس سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت اور امن و استحکام کیلئے مسلسل کاوشیں قابل تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن کو تصادم پر غالب آنا چاہیے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔
Comments 0