اے این ایف بھرتیوں کے ٹیسٹ کراچی منتقل، بلوچستان کے امیدواروں میں شدید مایوسی

اے این ایف بھرتیوں کے ٹیسٹ کراچی منتقل، بلوچستان کے امیدواروں میں شدید مایوسی
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) پاکستان میں حالیہ خالی آسامیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے والے بلوچستان کے امیدواروں نے ٹیسٹ اور انٹرویوز کوئٹہ کے بجائے کراچی میں منعقد کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ ان آسامیوں میں بلوچستان کے کوٹہ کی پوسٹیں بھی شامل تھیں، جس کے لیے صوبے بھر سے سینکڑوں نوجوانوں نے فی کس 700 روپے فیس ادا کرکے درخواستیں جمع کروائیں۔ تاہم ٹیسٹ اور انٹرویوز کو کراچی منتقل کرنا بلوچستان کے غریب اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع رقبے پر مشتمل صوبہ ہے جہاں سے کراچی تک سفر نہ صرف طویل بلکہ مہنگا بھی ہے، جس کی وجہ سے کئی اہل اور مستحق امیدوار ٹیسٹ میں شرکت سے محروم ہو سکتے ہیں۔ اس فیصلے سے نوجوانوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور انہیں لگتا ہے کہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ امیدواروں نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں میں موجود بعض عناصر کے ایسے فیصلوں کی وجہ سے عوامی اعتماد مجروح ہو رہا ہے اور نوجوانوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیسٹ اور انٹرویوز کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا جائے تاکہ بلوچستان کے امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور بلوچستان کے نوجوانوں کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.