اسلام آباد۔ (اے پی پی):سپریم کورٹ میں بانی تحریک انصاف کے خلاف ہتکِ عزت کیس کی سماعت کے دوران محمد شہباز شریف کے وکیل مصطفیٰ رمدے نے دلائل کا آغاز کر دیا تاہم عدالت نے کیس کی مزید سماعت بدھ 8 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وکیل کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔سماعت کے دوران مصطفیٰ رمدے نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی تحریک انصاف کے وکیل نے نظرِ ثانی درخواست میں کوئی ٹھوس نکتہ نہیں اٹھایا اور نہ ہی عدالتی فیصلے میں کسی سقم یا غلطی کی نشاندہی کی ۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی 2017 میں محمد شہباز شریف نے بانی تحریک انصاف کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا تاہم بانی کی جانب سے جواب چار سال بعد جمع کرایا گیا۔وکیل نے کہا کہ تحریری جواب داخل ہونے تک بانی کے وکیل کی جانب سے 75 مرتبہ التوا لیا گیا۔ اس موقع پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ محمد شہباز شریف کا ترمیمی جواب 8 مارچ کو جمع ہوا تاہم اس کے بعد بانی کی جانب سے انٹیروگیٹری کا جواب نو ماہ تک جمع نہیں کرایا گیا۔مصطفیٰ رمدے نے کہا کہ بانی کو گولی لگنے کا واقعہ افسوسناک ہے تاہم 17 اور 24 نومبر کو ان کی عدم دستیابی کو بطور گراؤنڈ پیش نہیں کیا گیا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت بدھ 8 اپریل تک ملتوی کر دی جس میں محمد شہباز شریف کے وکیل اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
Comments 0