جو سرکاری گاڑیاں دفتری اوقات کے بعد بازاروں میں نظر آئیں انکی ویڈیوز بناکر بھیجیں، میر سرفراز بگٹی

جو سرکاری گاڑیاں دفتری اوقات کے بعد بازاروں میں نظر آئیں انکی ویڈیوز بناکر بھیجیں، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (دی باغوان )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ خطے میں جاری جنگ کے اثرات پاکستان اور بالخصوص بلوچستان پر پڑ رہے ہیں، جس کے پیش نظر عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت عوام، ٹرانسپورٹ اور کسانوں کے لیے سبسڈی فراہم کرے گی جبکہ وفاقی حکومت بھی گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سبسڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے کسانوں کو پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی دی جائے گی اور تھریشر مشینوں کے استعمال پر بھی رعایت دی جائے گی۔ مزید برآں کوئٹہ اور تربت میں گرین بس سروس کو عارضی طور پر مفت کیا جا رہا ہے جبکہ 15 دن کے لیے گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی مفت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور ڈپٹی کمشنرز و ایس پیز کو قیمتوں کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کفایت شعاری مہم کے تحت مختلف اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے مارکیٹیں رات 8 بجے بند ہوں گی جبکہ شادی ہالز اور ہوٹلز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں اسٹاف کم کیا گیا ہے، سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول پر کٹ لگایا گیا ہے اور 400 ملازمین کو واپس ایس اینڈ جی اے ڈی بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈیڑھ ارب روپے کی بچت کی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کی نگرانی کی جائے گی اور عوام سے اپیل کی کہ ایسی گاڑیوں کی ویڈیوز بنا کر بھیجیں۔ مستقبل میں مرحلہ وار پیٹرول و ڈیزل سے چلنے والی سرکاری گاڑیوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیاں لائی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جا رہا بلکہ صرف مارکیٹوں کے اوقات کار محدود کیے جا رہے ہیں اور عوام کو موجودہ حالات کے پیش نظر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.