بیرون ملک مقیم 12 ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف

بیرون ملک مقیم 12 ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم 12 ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،ان کی ترسیلات زرملکی معیشت کے لئے بڑا سہارا ہیں،ایسے افراد کی ہمت و حوصلے ، قربانیوں اور بیش قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنا ملک چھوڑ کر محنت مزدوری کے لئے دوسرے ممالک جاتے ہیں۔بدھ کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم مہاجرین پر پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی یوم مہاجرین پر پاکستان دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ مل کر ایسے افراد کے ہمت و حوصلہ ، قربانیوں اور بیش قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو اپنا ملک چھوڑ کر محنت مزدوری کے لئے دوسرے ممالک جاتے ہیں،مہاجرین کی مناسبت سے اس سال یہ دن ’’میری جدوجہد کی کہانی: ثقافتیں اور ترقی” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، یہ موضوع اس روشن حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ انسانی نقل و حرکت بڑے پیمانے پر باعث برکت ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سماجی پس منظر کو اپنے اندر سموئے ہوئے انسانوں کی نقل و حرکت معاشروں کو ثقافتی طور پر مالا مال کرتی ہے اورمعاشرے میں جدت و تخلیق کو فروغ دیتی ہے۔ کثیر الثقافتی معاشرہ جب باہمی تعاون، وقار اور حقوق کے اصولوں پر استوار ہو تو دیر پا ترقی کو آگے بڑھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم 12ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،سمندر پار پاکستانی اپنے مادر وطن کی صلاحیتوں اور ثقافت کے سفیر اور پاکستان اور دیگر قوموں کے درمیان مضبوط پل ہیں، ان کی ترسیلات زر جو سالانہ 38 ارب ڈالر سے زائد ہیں. ملکی معیشت کے لئےبڑا سہارا ہیں اور لاکھوں خاندانوں کا ذریعہ معاش ہیں تاہم ان کی اصل طاقت ان کی مہارت، محنت اور عزم میں پوشیدہ ہے،حکومت پاکستان باہر جانے والے افراد کو ہنرمند بنانے کے انتظامات کو ضرروی سمجھتی ہے کیونکہ آج کی عالمی معیشت میں کامیابی کے لئے صرف فنی مہارت ہی نہیں بلکہ سماجی صلاحیتیں اور زبانوں پر عبور بھی ناگزیر ہے، اسی مقصد کے تحت حکومت فنی و پیشہ وارانہ تربیتی نظام کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں حکومت سماجی تربیت، مختلف مہارتیں اور غیر ملکی زبانوں کی تعلیم کو فروغ دے رہی ہے تاکہ ہماری افرادی قوت جدید دور کے تقاضوں پر پورا اتر سکے،پاکستان، یورپی یونین ٹیلنٹ پارٹنرشپ کے علاوہ مختلف ممالک کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے ہنر کو دنیا میں تسلیم کرانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے منظم نظام تشکیل دے رہی ہے۔ مزید برآں قومی امیگریشن و بہبود پالیسی اور قومی بحالی پالیسی کے مسودے اس امر کو یقینی بناتے ہیں کہ ملک سے باہر جانے والے ہر فرد کے سفر کے تمام مراحل محفوظ اور باوقار ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئیے تجدید عہد کریں کہ ناگزیر حالات میں باہر جانے والوں کو ہنرمند اور ان کے لئے مواقع زیادہ محفوظ اور بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ مشترکہ ترقی کے سفر کو بار آور بنا سکیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.