اسلام آباد۔ (اے پی پی):وزیر اعظم کی ہدایات پر ٹول پلازہ فیس میں ہونے والا سہ ماہی اضافہ معطل کر دیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو متعلقہ نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
وزارت مواصلات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں شہریوں پر مزید مالی بوجھ ڈالنا ممکن نہیں، اس لیے 5 اپریل سے ٹول ٹیکس میں مجوزہ اضافہ معطل کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے نیا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، لہٰذا حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور موجودہ حالات میں قوم کو مل کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ عبدالعلیم خان کی ہدایت پر این ایچ اے کی جانب سے یکم اپریل کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق این ایچ اے نے مالی سال 2025-26 کے دوران ٹول پلازہ فیس کی مد میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔
Comments 0