اسلام آباد۔ (اے پی پی):ترجمان پاکستان ریلوے نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ریلوے مسافروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود کرایوں کو منجمد رکھا جائے، حکومت 30 جون تک سفر کے اخراجات کو سستا رکھنے اور مال برداری کے نرخ مستحکم رکھنے کے لیے اضافی 6 بلین روپے برداشت کرے گی۔ جمعہ کو جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے 30 فیصد کرایہ بڑھانا ناگزیر تھا، تاہم حکومت نے ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم کی ہدایت کا اطلاق تمام کلاسز، بشمول اکانومی اور اے سی پر ہوگا جبکہ کاروباری برادری کو سہولت دینے کے لیے مال برداری کے کرایوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں اس فیصلے نے مسافروں کے دل جیت لیے ہیں اور اسے ایک تحفہ قرار دیا ہےجس سے سستا سفر اور مستحکم مال برداری خدمات یقینی بنائی گئی ہیں۔
Comments 0