حکومت نے ایک بار پھر تمام تر بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر ڈال دیا ہے: بلوچستان نیشنل پارٹی

حکومت نے ایک بار پھر تمام تر بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر ڈال دیا ہے: بلوچستان نیشنل پارٹی
بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بے تحاشا اضافے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر تمام تر بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر ڈال دیا ہے۔ بیان میں کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ حکمران طبقہ اپنی ناکام معاشی پالیسیوں کو چھپانے کے لیے مختلف حیلے بہانے اختیار کر رہا ہے۔بیان میں مزید کہا کہ حکومت معیشت کو سہارا دینے کے نام پر ایسے ظالمانہ اقدامات کر رہی ہے جن کا براہ راست اثر عام آدمی کی جیب پر پڑ رہا ہے۔ مہنگائی کی اس نئی لہر سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہو گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی شدید نقصان پہنچے گا ۔حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں کو برقرار رکھنے کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑ رہا ہے، جبکہ معیشت کو سہارا دینے کے نام پر محض ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر بلوچستان نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل کر اس ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرے گی.

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.