موسمیاتی تبدیلی پاکستان کا بڑا چیلنج، حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے،رانا مشہود

موسمیاتی تبدیلی پاکستان کا بڑا چیلنج، حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے،رانا مشہود
لاہور۔24دسمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز میں موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا مسئلہ ہے،جس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔وہ بدھ کو گورنر ہاؤس لاہور میں انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام فرینڈز آف آئی پی اے سی 2025 گالا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے20 لاکھ بچوں کی تربیت کا ٹاسک دیا ہے،جس کے تحت تمام صوبوں میں اہداف مقرر کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں نمایاں کام کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز ہیلتھ سیکٹر کو آگے لے کر جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی جو بیرون ملک جا کر کامیاب ہوئے،آج اپنے علاقوں میں واپس آ کر خدمت انجام دے رہے ہیں،جس سے دنیا میں پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ رانا مشہود کے مطابق پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر آج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔انہوں نے کہا کہ دن رات کوششیں جاری ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ سوچ سمجھ کر فیصلے کیے جائیں کیونکہ جذبات کی بنیاد پر کیے گئے فیصلے ملک کو برسوں پیچھے دھکیل دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بیرون ملک بیٹھ کر بھی پاکستان کے دوست ہیں،ان کے تعاون سے ملک کو آگے لے کر جایا جائے گا۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 70 فیصد سے زائد آبادی دیہات میں رہتی ہے،جہاں ہیلتھ سسٹم موثر طریقے سے کام نہیں کر رہا،بی ایچ یوز اور ہیلتھ یونٹس شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اکثریت صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی ہے اور عطائی ڈاکٹرز عوام کو لوٹنے کے ساتھ ان کی جانوں سے بھی کھیل رہے ہیں،ہر گاؤں میں چار سے پانچ عطائی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک یونین کونسل میں ایک آر ایچ سی ہے جبکہ آبادی25 ہزار ہے،جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔قائم مقام گورنر پنجاب نے اعلان کیا کہ وہ قصور میں آئی کیپ فاؤنڈیشن کے قیام کے لیے اپنی طرف سے دو ایکڑ زمین اور 30 ہزار امریکی ڈالر فراہم کریں گے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ قصور میں چمڑے کے یونٹس کے باعث لوگ جلدی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ،جس کا حل نکالنا پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے،عوام کے لیے عملی حل تلاش کیے جانے چاہئیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.