پشین: ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لاء کے زیر اہتمام اور ایشیاء فاؤنڈیشن کے تعاون سے لاء کالج سب کیمپس پشین کے طلباء کیلئے "لاء اِن پریکٹس کیریئر فیئر" کے عنوان سے ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی سیشن کے مہمان خصوصی رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ ناصر خان یوسف زئی تھے، جبکہ کنسلٹنٹ اور سپریم کورٹ کے وکیل محمد قاسم خان مندوخیل ایڈووکیٹ، کارپوریٹ سیکٹر کے ماہر قانون ایمل کاکڑ ایڈووکیٹ اور خاتون وکیل انم خیر ایڈووکیٹ نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پرنسپل لاء کالج عصمت اللہ کاکڑ اور بلوچستان یونیورسٹی سب کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نقیب اللہ، کوآرڈینیٹر محمد طارق کاکڑ، فضل باری ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔مقررین نے طلباء پر زور دیا کہ وہ وکالت کے شعبے میں کامیابی کیلئے محض ڈگری پر انحصار نہ کریں بلکہ عملی مہارتوں (سکلز) پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک طلباء اپنے شعبے میں مہارت حاصل نہیں کرتے، وہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو اپنے کام میں اس حد تک محنت کرنی چاہیے کہ وہ خود اپنی کارکردگی سے مطمئن ہو۔ طلباء کو تعلیم کے دوران زیادہ سے زیادہ سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا گیا کہ قانون کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سینئر وکلاء کے ساتھ انٹرنشپ کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ عدالتی زبان، پیشہ ورانہ آداب اور عملی مہارتیں سیکھی جا سکیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، مستقل مزاجی، محنت اور عملی تجربہ ہی کامیابی کی ضمانت ہیں۔
Comments 0