اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی نے کہاہے کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے طبی سہولیات کیساتھ روزگار فراہم کررہے ہیں ،بل گیٹس فائونڈیشن کے تعاون سے چمن میں 3بنیادی مراکز صحت کی تعمیر کومکمل کرکے فعال کردیاگیاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز چمن میں بنیادی مراکز صحت کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی ،ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انعام الحق ،ڈپٹی کمشنر چمن حبیب بنگلزئی ،چیف ایگزیکٹوآفیسر پی پی ایچ آئی ودیگر بھی موجود تھے ۔عبدالخالق اچکزئی نے کہاکہ چمن شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کئے صحت کے حوالے سے عام آدمی کو بنیادی مراکز صحت میں مکمل بنیادی سہولیات میسر ہونگے ،امید ہے کہ مزید لوگ ان بنیادی مراکز سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کریں گے ،ہماری کوشش ہے کہ بنیادی مراکز صحت کو 24/7فعال رکھیں ،گائوں میں کسی بھی وقت ایمرجنسی ہو سکتی ہے ایسے طبی سہولیات کی فراہمی سے ایمرجنسی کی صورت میں مکمل سہولیات میسر ہوں، انہوں نے کہاکہ3بنیادی مراکز صحت کاافتتاح کردیاہے جبکہ 3مزید بنیادی مراکز صحت زیر تعمیر ہیں ان پر کام جاری ہے ،عبدالخالق اچکزئی نے کہاکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے لوگوں کو سہولیات کے ساتھ روزگار فراہم کرے ،لوگوں کے گھروں میں چولہا چلتا رہے ،تعلیم ،صحت سمیت مختلف وسائل کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے ،چمن واحد ضلع ہے جہاں لوگوں نے اپنی پیسوں کے ذریعے زمین خرید کر بل گیٹس فائونڈیشن کے ایک طبی پروگرام کیلئے فراہم کردی اور یہاں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کیں،اس موقع پر سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی نے کہاکہ ادویات کا کوٹہ کم ہے لیکن ان میں اضافے کیلئے کام ہورہاہے ،چمن میں 3بنیادی مراکز صحت بل گیٹس فائونڈیشن کے تعاون سے مکمل ہوچکی ہے یہ بنیادی مراکز صحت پی پی ایچ آئی کے ذریعے چلائی جائیگی،صحت کے شعبے میں جو خلا اس کو پر کرنے کیلئے کام ہورہاہے ،میڈیا آگاہی پھیلائیں کہ بی ایچ یو صرف بلڈنگز نہ رہے بلکہ یہاں طبی مراکز میں وہ تمام سہولیات سے لوگ استفادہ حاصل کرے جس کی وجہ سے بچے متاثر ہورہے ہیں ۔
Comments 0