ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات اور گرانفروشی کے خلاف کریک ڈائون، 22افراد گرفتار، 4دکانیں سیل

ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات اور گرانفروشی کے خلاف کریک ڈائون، 22افراد گرفتار، 4دکانیں سیل
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر میں تجاوزات اور گرانفروشی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 22افراد کو گرفتار اور 4دکانیں سیل کر دیں۔ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ڈبل روڈ پر مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا۔ کارروائی کے دوران مزاحمت اور خلاف ورزی پر 6 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا گیا۔ آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)محمد امیر حمزہ، اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ اور انکروچمنٹ آفیسر محمد قاسم نے کی۔ آپریشن کے بعد سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔دوسری جانب عوامی شکایات پر ضلعی انتظامیہ نے ڈبل روڈ پر پرائس کنٹرول کے حوالے سے بھی کارروائی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)اور اسپیشل مجسٹریٹ نے تندوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر 8 افراد کو گرفتار کیا جبکہ 4 دکانیں سیل کر دی گئیں۔علاوہ ازیں سریاب روڈ پر بھی تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا، جہاں اسسٹنٹ کمشنر (سریاب)مصور احمد، اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ اور انکروچمنٹ آفیسر علی نواز کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں تجاوزات، گرانفروشی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.