واشنگٹن ۔16جنوری (اے پی پی):امریکی فورسز نے بحیرہ کیریبین میں ایک اور تیل بردار جہاز قبضے میں لے لیا ہے جس کے بارے میں ٹرمپ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس کے وینزویلا سے روابط تھے۔ الجزیرہ کے مطابق امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوئم نے کہا کہ امریکی کوسٹ گارڈ نے’’ویرونیکا‘‘ نامی آئل ٹینکر پر کارروائی کی،یہ جہاز پہلے وینزویلا کی سمندری حدود سے گزر چکا تھا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بحیرہ کیریبین میں بحری جہازوں پر پابندی کے لیے نافذقرنطینہ کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
کرسٹی نوئم نے بتایا کہ اس آپریشن میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ پر تعینات امریکی میرینز اور نیوی اہلکاروں نے بھی حصہ لیا، جبکہ کوسٹ گارڈ کی ایک خصوصی ٹیکٹیکل ٹیم نے جہاز پر سوار ہو کر کارروائی کی۔ امریکی فوج کے مطابق جہاز کو بغیر کسی مزاحمت کے قبضے میں لیا گیا۔ویرونیکا وہ چھٹا پابندی زدہ ٹینکر ہے جسے امریکی فورسز نےقبضے میں لیا ہے۔ یہ چوتھا جہاز ہے جو امریکا کی جانب سے تقریباً دو ہفتے قبل کراکس میں ایک فوجی آپریشن کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو حراست میں لینے کے بعد سے قبضے میں لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ آئل ٹینکر وینزویلا کے پڑوسی ملک گویانا میں رجسٹرڈ ہے۔
Comments 0